میئر انتخاب، پی ٹی آئی رکن فردوس شمیم اور الیکشن کمیشن حکام میں بحث

میئر کراچی انتخاب کے لیے پروڈکشن آرڈر پر جیل سے آرٹس کونسل آئے گئے پی ٹی آئی رکن فردوس شمیم نقوی اور الیکشن کمیشن حکام میں بحث ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کراچی انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے پی ٹی آئی کے تین گرفتار یوسی چیئرمینز کو آرٹس کونسل لایا گیا۔ اس موقع پر ایک رکن فردوس شمیم نقوی کی الیکشن کمیشن حکام سے بحث ہوئی۔

فردوس شمیم نقوی نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ میں رکن سندھ اسمبلی بھی ہوں لیکن ایم پی اے کی سیٹ نہیں چھوڑنا چاہتا تو کیا میں یوسی چیئرمین کا حلف لے سکتا ہوں؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ آپ اس پوزیشن میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکتے۔

فردوس شمیم نقوی نے الیکشن کمیشن حکام سے کہا کہ میں نے آئین پڑھا ہوا ہے ایسا آئین میں کہیں نہیں لکھا جو آپ کہہ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی کے ساتھ گرفتار یوسی چیئرمین ملک محمد اور محمد فراز کو بھی آرٹس کونسل پہنچایا گیا ہے۔