مویشی منڈی کے لیے میئر کراچی کی نئی ہدایت

میئر کراچی کی زیر صدارت شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرتضیٰ وہاب نے اورنگی میں گرین بیلٹ پر قائم کی گئی مویشی منڈی کو فوراً ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت شہریوں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، دوران اجلاس میئر کراچی نے اورنگی ٹائون میں گرین بیلٹ پر قائم کی گئی مویشی منڈی کو فوراً ہٹانے کی ہدایت جاری کردی، مذکورہ مویشی منڈی اطراف کے رہائشیوں کے لیے اور ٹریفک کی روانی میں کافی مسائل کا باعث بن رہی ہے۔

اجلاس میں چیئر مین ٹی ایم سیز ویسٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر بورڈ اور ڈپٹی کمشنر ویسٹ کو شہریوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران باہمی طورپررابطوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل حل کریں۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ صفائی ستھرائی کے حوالے سے ٹاؤن ناظمین کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہیں، کسی بھی علاقے میں شہریوں کو کچرے سے متعلق شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

واٹر بورڈ منگھوپیر میں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں سے رسائی کا مسئلہ فوری حل کرے، عید الاضحی کے بعد فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانےکے لیے ہرضلع میں اجلاس کیے جائیں گے، پہلی ترجیح واٹر لیکج کو روکنا ہونا چاہئے تاکہ ضائع ہونے والے پانی کو روکا جاسکے۔