میئر، ڈپٹی میئر سمیت بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخابات کے لیے آج سے کاغذات نامزدگی کا اجرا شروع ہوگیا ہے الیکشن 15 جون کو ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور بلدیاتی اداروں کے دیگر سربراہوں کے انتخابات 15 جون کو شیڈول ہیں جس کے لیے آج سے کاغذات نامزدگی کا اجرا اور جمع کرانے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔
آج سے کاغذات نامزدگی جاری اور جمع کیے جا رہے ہیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے دو دن دیے گئے ہیں آج کاغذات نامزدگی حاصل کرکے کل 10 جون تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی نے حافظ محمد نعیم جب کہ پیپلز پارٹی نے مرتضیٰ وہاب کو نامزد کیا ہے۔ پی پی نے ڈپٹی میئر کے لیے سلمان عبداللہ کو امیدوار بنایا ہے تاہم دیگر جماعتوں کی جانب سے تاحال ڈپٹی میئر کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
پی پی کے سلمان مراد نے ڈپٹی میئر کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں انہوں نے دو کاغذات نامزدگی لیے ہیں۔ پی پی کے ارشاد علی شر ایڈووکیٹ نے بھی ڈپٹی میئرکی نشست کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے
دوسری جانب ن لیگ نے بھی کراچی کے ڈپٹی میئر کے لیے اپنا امیدوار میدان میں اتار دیا ہے اور اس کی جانب سے خواجہ شعیب نے اس عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں انہوں نے بھی دو کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔
میئر کراچی کے لیے آزاد امیدوار علی اکبر نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔