پشاور (30 اگست 2025): محکمہ بلدیات نے میئرز اور چیئرمینز کے اختیارات سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا۔
محکمہ بلدیات نے اعلامیہ 20 جون 2022 کے جاری کردہ رولز آف بزنس کی روشنی میں جاری کیا جس میں کہا گیا کہ میئرز اور چیئرمینز کے پاس تقرریوں، تبادلوں یا سروس معاملات میں کوئی اختیار نہیں ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ قواعد و ضوابط کے خلاف کیے گئے تمام اقدامات کالعدم تصور ہوں گے، بدعنوانی یا بے ضابطگی کے کیسز اینٹی کرپشن، نیب یا پی آئی ٹی کو بھیجے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا میئر کے اختیارات پر وزیر اعلیٰ سے جواب طلب
اس میں کہا گیا کہ کیسز ایڈمنسٹریٹو ڈپارٹمنٹ کو بھی ڈسپلنری کارروائی کیلیے بھیجے جا سکتے ہیں، میئرز اور چیئرمینز صرف رولز آف بزنس کے مطابق فرائض انجام دینے کے پابند ہیں، خلاف ضابطہ اقدامات کرنے والے میئرز اور چیئرمینز کے احکامات غیر مؤثر ہوں گے۔