خواتین عزت نہ ملنے کی وجہ سے سیاست میں نہیں آتیں، شیریں مزاری

فیصل آباد: وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ معاشرے میں خواتین کو عزت نہیں دی جاتی اسی وجہ سے وہ سیاسی میدان سے دور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شیری مزاری نے چیمر آف کامرس فیصل آباد کا دورہ کیا اور تاجروں سے ملاقات کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نےگالیاں دیں،ڈھیٹ ہوں جوسیاست نہیں چھوڑ رہی، معاشرےمیں خواتین کوعزت نہیں دی جاتی، اسی وجہ سےخواتین سیاست میں نہیں آتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی امداد سے چلنے والی مقامی این جی اوز پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتی ہیں، بعض عالمی این جی اوز کا ایجنڈا غلط تھا اس لیے انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ تاجروں کےحقیقی مسائل سے متعلق وزیراعظم سے بات کروں گی، کاروبار میں بھی انسانی حقوق دیکھےجائیں، وزارت انسانی حقوق بچوں کااستحصال روکنےکےلئےکام کررہی ہے، ہم خواجہ سرا ہوم بنارہےہیں، انہیں تمام حقوق بھی فراہم کیے جارہے ہیں، عوام کوپہلےماحولیاتی آلودگی کےحوالےسے شعور دیا جائے،عمل درآمد نہ کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی معاشی رینکنگ بڑھنے لگی، اب ہم مثبت سمت کی جانب سفر کررہے ہیں، کاروباری آسانیوں میں رینکنگ بہت اہم ہے، اس حوالے سے صوبوں نے بہت کام کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بہترکام کاکریڈٹ منسٹر اور ایڈوائزر لیتے ہیں جبکہ حقیقت میں وفاق،سندھ اورپنجاب کی بیورو کریسی نےکام کیا اور ورلڈبینک نے رینکنگ بہتر کرنے میں معاونت فراہم کی۔