ایم ڈی کیٹ 2025 کی تاریخ کا اعلان ہوگیا؛ جامعات اور فیسوں کی تفصیلات جانیے

ایم ڈی کیٹ 2025 کی تاریخ کا اعلان، جامعات اور فیسوں کی تفصیلات

اسلام آباد (7 اگست 2025): پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے باضابطہ طور پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025 کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ کا ملک اور بیرون ملک انعقاد 5 اکتوبر 2025 کو صبح 10 بجے کیا جائے گا۔

ایم ڈی کیٹ کیلیے مخصوص جامعات (یونیورسٹیوں) کو ذمہ داری سونپی گئی ہے:

  • پنجاب میں ٹیسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور کے ذریعے لیا جائے گا
  • سندھ میں اس کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کرے گی
  • خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں امتحان کا انعقاد کیا جائے گا
  • بلوچستان میں یہ ٹیسٹ یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے زیر نگرانی منعقد ہوگا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کے امیدوار شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (SZABMU)میں ٹیسٹ دیں گے جو گلگت بلتستان اور سعودی عرب میں بھی طلبہ کے امتحان کی نگرانی کرے گی۔

ایم ڈی کیٹ 2025 کیلیے رجسٹریشن کا عمل 8 اگست 2025 کو شروع ہوگا جو 25 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔ جو امیدوار محروم رہے ان کے پاس لیٹ فیس ادا کر کے یکم ستمبر تک اندراج کروانے کا موقع ہوگا۔

پی ایم ڈی سی نے رجسٹریشن فیس 9000 روپے مقرر کی ہے جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد فارم جمع کروانے والے امیدواروں کو 13000 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ دینے کے خواہشمند طلبہ کیلیے بڑی خبر

واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ میں کامیابی پاکستان میں سرکاری اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کیلیے لازمی شرط ہے۔

ملک گیر امتحان کا مقصد یکساں اور شفاف میرٹ پر مبنی داخلے کے عمل کو یقینی بنانا ہے۔