خبردار ! ’میڈیم رئیر بیف برگر‘صحت کیلئے کتنا خطرناک ہے ؟

بیف برگر

لندن : مغربی ممالک میں میڈیم رئیر درجے کا بیف برگر لوگوں کی پسندیدہ خوراک میں شامل ہے، جسے محققین نے انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر قرار دیا ہے۔

فن لینڈ میں محققین نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ گراؤنڈ بیف اسٹیک کو کم پکانے سے فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جو متلی، اسہال اور الٹی کا باعث بنتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ڈیلی میل‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک تازہ ترین مطالعے کے دوران فنش فوڈ اتھارٹی کی ایک ٹیم نے کھانا پکانے کے طریقوں کی جانچ پڑتال کی اور اس میں خطرے کی نشاندہی کی۔

تجزیے سے معلوم ہوا کہ اگر برگر کے گوشت کا صرف دسواں حصہ 55 ڈگری سینٹی گریڈ کے اوسط درجہ حرارت پر پکایا جائے تو فن لینڈ میں ہر ایک لاکھ شہریوں پر سالانہ فوڈ پوائزننگ کے 100 کیسزسامنے آئیں گے، جب کہ تمام گوشت کے ٹکڑوں کو مکمل طور پر پکایا جائے گا تو ایک لاکھ میں سے تین کیسز سامنے آئیں گے۔

burger

یوکے فوڈ اسٹینڈرڈز ایجنسی کے مطابق گائے کو ذبح کرنے پر گائے کا گوشت بیکٹیریا سے بھرا ہو سکتا ہے۔آنتوں کے بیکٹیریا گوشت کی سطح کو آلودہ کرتے ہیں۔

سلمونیلا اور شیگا ٹاکسن جو ای کولی نامی بیکٹیریا پیدا کرتے ہیں کچے گائے کے گوشت میں پائے جانے والے سب سے عام بیکٹیریا میں شامل ہیں۔ یہ بیکٹیریا فوڈ پوائزننگ اور سنگین بیماری کا باعث بن سکتے ہیں، اور انتہائی سنگین صورتوں میں موت کا باعث بن سکتے ہیں۔

یونیورسٹی آف ریڈنگ میں فوڈ مائیکرو بائیولوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر کیمون اینڈریاس کراتزاس نے کہا کہ "ہم ان تمام نقصان دہ بیکٹیریا کو مارنے کے لیے کھانا بناتے ہیں جو ہمیں بیمار کر سکتے ہیں یا ہمیں مار سکتے ہیں۔ ہمیں درجہ حرارت کو اچھی سطح تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ کم از کم 71 ڈگری سینٹی گریڈ تک اس گوشت کو پکانا چاہیے”۔