بالی وڈ کی ٹریجیڈی کوئین کی برسات کے موضوع پر ایک نظم

ماہ جبیں نے ہندوستان میں مینا کماری کے نام سے شہرت اور بے حد مقبولیت حاصل کی۔ مینا کماری بالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں شامل ہیں جنھیں نہ صرف سنیما سے لاکھوں‌ پرستار ملے بلکہ اپنے وقت کے نام ور اور کام یاب فن کار بھی ان سے متاثر نظر آئے اور ناقدین نے بھی ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

مینا کماری کو المیہ کردار نبھانے میں‌ جیسے کمال حاصل تھا۔ وہ ایسے کرداروں‌ میں‌ حقیقت کا رنگ بھرنے کی وجہ سے ٹریجیڈی کوئین کہلائیں۔ مینا کماری کی ذاتی زندگی بھی رنج و غم اور دکھوں سے بھری پڑی تھی۔ ازدواجی زندگی کی ناکامی، پریشانیاں اور ذہنی الجھنیں‌ 1972 میں ان کی موت کے ساتھ ہی تمام ہو گئیں۔

قدرت نے ماہ جبین کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ ان کی آواز بھی غضب کی تھی۔ المیہ اور حزنیہ اداکاری میں تو جیسے ان کا ثانی ہی کوئی نہ تھا، لیکن یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں‌ کہ وہ اداکارہ ہی نہیں شاعرہ بھی تھیں۔ ناز اُن کا تخلص تھا۔ مینا کماری ناز نے غزلیں اور نظمیں تخلیق کیں۔

یہاں‌ ہم اپنے وقت کی اس مشہور اداکارہ اور شاعرہ کی کتاب سے ایک نظم
"مبارک ہو” پیش کررہے ہیں۔

برسات مبارک ہو
یہ ساتھ مبارک ہو
ہر دن رہے سلونا
ہر رات مبارک ہو
سنولائی ہوئی شاموں کو
ہر صبح مبارک ہو
ہچکی ہو یا سسکی ہو
ہر نغمہ مبارک ہو
برسات مبارک ہو
برسات مبارک ہو