پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسا شریکِ حیات دے جس کے ساتھ دُکھ سُکھ بانٹ سکوں۔
میرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کی والدہ کو طبیعت ناسازی کے باعث اسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ گفتگو کر رہی ہیں لیکن اداکارہ نے ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میوزک شامل کیا۔
سینئر اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ انتہائی جذباتی کیپشن تحریر کیا کہ گزشتہ سال سے میں نے فیملی کی دیکھ بھال کیلیے کیریئر روک رکھا ہے، میری والدہ سالوں سے بیمار ہیں جن کی حال ہی میں سرجری ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں میری بہن میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث میں زندگی کے انتہائی مشکل وقت سے گزر رہی ہوں۔ ’دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے کوئی ایسا شریکِ حیات دے جس کے ساتھ اپنے دُکھ اور خوشی کے لمحات بانٹ سکوں۔‘
نامور اداکارہ نے حال ہی میں نجی نیوز چینل کے مزاحیہ شو میں شرکت کے دوران انکشاف کیا تھا کہ ذہنی مسائل ضرور رہے ہیں لیکن پاگل خانے کبھی نہیں گئی۔
میرا کا کہنا تھا کہ اداکاروں کی زندگی میں تنازعات آتے رہتے ہیں، میرے متعلق یہ خبر آئی کہ امریکا میں پاگل خانے میں ہوں اس میں کوئی سچائی نہیں تھی، اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا، اپنی صحت اور اسکن ٹریٹمنٹس کیلیے کئی بار اسپتال میں داخل ہوئی۔