چیئرمین پی سی بی سے جاوید میانداد کی ملاقات

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے سابق کپتان لیجنڈری جاوید میاں داد نے ملاقات کی جس میں کرکٹ سے متعلق گفتگو کی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے سابق اسٹار کرکٹر جاوید میانداد نے ملاقات کی۔ سابق کپتان نے انہیں چیئرمین پی سی بی منتخب اور پی ایس ایل 9 کے کامیاب آغاز پر مبارک باد دی۔

اس ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان کرکٹ کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

جاوید میاں داد نے کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محسن نقوی پاکستانی کرکٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ جاوید میاں داد کرکٹ لیجنڈ ہیں اور ہم آپ کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی کا مزید کہنا ہے کہ ہمارا مقصد انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کا اصل مقام بحال کرانا ہے۔ ٹیم ورک پر یقین رکھتا ہوں، کرکٹ ٹیم کو مضبوط بنانے کیلیے مشاورت جاری ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ اچھے پلیئرز سامنے آ سکیں۔