میگامنی لانڈرنگ کیس، زرداری کےخلاف ضمنی ریفرنس دائرکرنےکا فیصلہ

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس میں چار وعدہ معاف گواہوں کے بیانات بھی شامل کیے جائیں گے۔ تفتیش کے دوران اومنی گروپ کے فنانشل چیف افسر اسلم مسعود اور نجی بینک کے افسران کرن امان، نورین سلطان، عدیل شاہ نے وعدہ معاف گواہ بننے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے نیب کو حلف نامے جمع کرائے تھے۔ فیڈرل انویسٹی کی تفتیشی ٹیم کو بھی ڈیپوٹیشن پر نیب میں شامل کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں نامزد اہم ملزم اور اومنی گروپ کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اسلم مسعود کوانٹرپول کی مدد سے سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے اہم معلومات رکھتے ہیں اور انہوں نے حراست میں آنے کے بعد وعدہ معاف گواہ بننے پر رضا مندی ظاہر کی۔

مزید پڑھیں: نیب چلے گا یا معیشت، دونوں ساتھ نہیں چل سکتے ، آصف علی زرداری

یہ بھی یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں۔ سابق صدر نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا کہ نیب اور ملکی معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔