ٹوکیو: امریکی صدر کی اہلیہ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ان دنوں لاکھوں روپے کے ملبوسات کے چرچے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران ہر دعوت کے لیے نیا جوڑا زیب تن کیا اور تقریباً ہر جوڑے کی قیمت پاکستانی 7 لاکھ روپے سے زائد تھی۔
برطانوی اخبار کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے جاپانی دورے کے دوران سب سے مہنگا جوڑا جاپان کے بادشاہ آکی ہیتو اور ان کی اہلیہ ماساکو کے ساتھ ملاقات کے دوران پہنا تھا۔
میلانیا ٹرمپ نے جاپانی بادشاہ سے ملاقات کے وقت سفید رنگ کا فراک پہن رکھا تھا جس پر پھول کنندہ تھے، ان کے فراک کی قیمت 11 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد تھی اور اسے معروف عالمی فیشن ہاؤس کیرولینا ہریرا نے تیار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: میڈیا کپڑوں کے بجائے میری کارکردگی پر توجہ دے، میلانیا ٹرمپ
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی خاتون اول نے ڈیجیٹل آرٹ میوزیم کا دورہ کرتے وقت ایک اور مہنگی ڈریس پہنی جسے اٹلی کے معروف فیشن ہاؤس لوروپیانا نے تیار کیا تھا۔
ڈیجیٹل میوزیم کے دورے کے دوران میلانیا ٹرمپ کی جانب سے پہنی گئی ڈریس کی قیمت ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد تھی۔
امریکی صدر کی اہلیہ نے جاپان کے دورے کے دوران ہر تقریب کے لیے الگ اور انتہائی مہنگا لباس زیب تن کیا اور میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جیکٹ پر کی جانے والی تنقید پر امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میڈیا کپڑوں کے بجائے میری کارکردگی پر توجہ دے۔