’میرے ہوجاؤ‘ کنزا ہاشمی اور کرن واہی کے گانے نے دھوم مچادی

میرے ہوجاؤ

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنزا ہاشمی اور بھارتی اداکار کرن واہی کے گانے ’میرے ہوجاؤ‘ نے دھوم مچادی، گانے میں راحت فتح علی خان نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کنزا ہاشمی نے بتایا کہ ان کے نئے گانے ’میرے ہوجاؤ‘ کی ویڈیو ریلیز کردی گئی ہے جس میں آواز کا جادو راحت فتح علی خان نے جگایا ہے۔

’میرے ہوجاؤ‘ کی ویڈیو میں کنزا ہاشمی اور کرن واہی کی محبت کی داستان دکھائی گئی ہے، گانے کے بول مانی منجوت نے لکھے ہیں جبکہ اس کے مناظر دبئی میں عکسبند کیے گئے ہیں۔

گانے کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک تقریباً لاکھوں مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

’میرے ہوجاؤ‘ کی ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور پاکستانی اور بھارتی مداح کرن واہی اور کنزا ہاشمی کی کیمسٹری کو پسند کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل کرن واہی نے کنزا ہاشمی کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ جلد آرہا ہے۔

یاد رہے کہ کنزا ہاشمی نے 2014 میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا جبکہ انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’ہوک‘ میں ’حیا‘ کا مرکزی کردار نبھایا تھا جس میں ان کے ہمراہ فیصل قریشی، شہروز سبزواری، صائمہ نور ودیگر شامل تھے۔

کنزا ہاشمی ڈرامہ سیریل ’آزمائش‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔