محکمہ موسمیات کا جدید آلہ چوری ہوگیا

محکمہ موسمیات کا جدید آلہ چوری ہوگیا

راولپنڈی میں کٹاریاں کے مقام پر محکمہ موسمیات کی جانب سے نصب کیا گیا جدید آلہ چوری ہوگیا۔

جدید آلہ جاپان کی طرف سے محکمہ موسمیات کو تحفے میں دیا گیا تھا جو اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم کٹاریہ کے قریب نصب تھا۔

آلے سے نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اور بارش کی مقدار جانچی جاتی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی درخواست پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، نامعلوم چوروں نے آلے کو تالے توڑ کر سولر سسٹم سمیت چرایا۔

ادھر، سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے والے جدید آلے کی چوری کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے الیکٹرانک انجینئر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ چور تالے توڑ کر قیمتی بیٹریاں، سولر پلیٹس، کاپرکیبلز، بورڈز اور باکس لے گئے، جدید سسٹم سیلابی صورتحال اور پانی کی سطح کی معلومات فراہمی کیلیے لگایا گیا تھا۔

درج مقدمے کے مطابق جدید سسٹم کی چوری کے بعد خودکار سسٹم سے ایس ایم ایس بھی موصول ہوا تھا، چوری کا واقعہ 18 اور 19 جولائی کی درمیانی رات پیش آیا۔