محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے 25 جون سے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ 25 جون سے بالائی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، 25 سے 30 جون اسلام آباد، مری، راولپنڈی، چکوال، جہلم اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے جبکہ جی بی، چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اورہری پور میں بھی بادل برسیں گے۔

25 سے 30 جون پنجاب کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ چند مقامات پر تیز ہواؤں آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش توقع ہے۔

26 سے 29 جون بارکھان، سبی، نصیر آباد، زیارت اور ژوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، وزیرستان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔ 27 اور 28 جون کو سکھر، جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ مری، گلیات، آزاد کشمیر، جی بی، کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

ڈی جی خان، شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، کچے مکانات اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔