مون سون کا نیا سسٹم : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں گیارہ اگست سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ کل سے درمیانی شدت کی مون سون ہوائیں مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی۔

جس کے باعث تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص ، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، حیدرآباد ،مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ اور بینظیر آباد میں 5 سے 9 اگست تک بارش متوقع‌ ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی 6 سے 9 اگست کے دوران درمیانی اور تیز بارش کا امکان ہے ،بارشوں سے کراچی، بدین، ٹھٹھہ کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ 11 اگست سے مون سون کا نیا سسٹم شروع ہوگا ، جس کے باعث تیز بارش کا امکان ہے ، تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔

سردار سرفراز کے مطابق مون سون کا یہ سسٹم 15 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران ٹھٹہ، بدین، سجاول اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔