کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دن بھرمطلع ابرآلود رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کالے بادلوں کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی کا موسم آج ابرآلود رہے گا اور ساحلی علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں ہلکی رفتارسےہوائیں چل رہی ہیں،: درجہ حرارت30 سے 32ڈگری رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب83 فیصد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ دوسرا مغربی ہواؤں کا سلسلہ 17 اپریل کو داخل ہوگا دوسرے سسٹم میں ہوائیں بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے گزرتے ہوئے کراچی میں داخل ہوں گی۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ دوسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں تیز بارشیں ہوسکتی ہیں، 18اور 19 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب لاہور میں موسم بدستور خوشگوار ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔