محکمہ موسمیات کے آلات درست پیشگوئی کیوں نہیں کرتے؟ وجہ سامنے آ گئی

پاکستان میں محکمہ موسمیات کی پیشگوئی اکثر درست ثابت نہیں ہوتی اس حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی بحث ہوئی۔

پاکستان میں مون سون کا سیزن شروع ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی لیکن ماضی کی طرح الٹ ہی ہوا۔

ایسا ہی کچھ گزشتہ روز بھی ہوا جب محکمہ موسمیات نے منگل کو کراچی شہر میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے تیز بارش کے امکان کو رد کر دیا تھا۔

تاہم محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے برعکس شہر قائد میں بادل برسے اور کچھ علاقوں میں تو تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی اس کارکردگی پر گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں بحث ہوئی اور سوال اٹھایا گیا کہ کیا محکمہ موسمیات کے آلات درست پیشگوئی کر رہے ہیں؟

اجلاس میں اس سوال کے جواب میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ موسمیات کے آلات پرانے ہو چکے ہیں، جس کے باعث بارشوں اور دیگر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پیش گوئی میں نقائص سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ دس، دس دن اپ ڈیٹ نہیں ہوتی جب کہ محکمہ موسمیات کے آلات اپ ڈیٹ کرنے کیلیے بھاری فنڈز چاہئیں۔