ورلڈ کپ جیتنے کیلیے کس ٹیم کو ہرانا ضروری ہے؟ مائیکل وان کی پیشگوئی

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھارت کی کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کے بعد کہا ہے کہ جس ٹیم نے بھی بھارت کو ہرایا وہی ورلڈ کپ لے جائے گی۔

غیر ملکی اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق بھارت نے گزشتہ ہفتے ایشیا کپ ریکارڈ آٹھویں بار جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو میچز جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔ ٹیم انڈیا کی اس کارکردگی پر انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جو ٹیم بھی بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہوگی وہی ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی اٹھائے گی۔

مائیکل وان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھارتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ بلیو شرٹس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیت کر اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ میگا ایونٹ میں عالمی نمبر ایک ٹیم کے طور پر جائیں۔ بھارت کے پاس کمال کی بیٹنگ لائن اور باؤلنگ کے تمام آپشنز موجود ہیں ایسے میں صرف ہوم کراؤڈ کی توقعات کا دباؤ ہی انہیں ورلڈ کپ میں آگے جانے سے روک سکتا ہے۔

سابق انگلش کپتان نے کہا کہ انڈین ٹیم کی حالیہ بے مثال کارکردگی کے بعد میں واضح طور پر کہہ سکتا ہوں کہ جو ٹیم بھی ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرانے میں کامیاب ہوگی وہی 19 نومبر کو ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے گی۔

 

واضح رہے کہ بھارت نے تین میچوں کی سیریز میں سے ابتدائی دو میچز جیت کر سیریز میں ناقابل شکست دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ گزشتہ روز بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 399 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا جس کو دیکھ کر آسٹریلوی بلے بازوں کے اوسان ایسے خطا ہوئے کہ پوری ٹیم 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت آسٹریلیا سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے بدھ کو راجکوٹ کے سوراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔