مشیل یوہ بہترین اداکارہ کا آسکر جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون

مشیل یوہ نے فلم ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ کے لیے بہترین اداکاری کا آسکر ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی ایشیائی خاتون بن گئی ہیں۔

ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے مشیل یوہ نے گزشتہ روز جب لاس اینجلنس کیلیفورنیا میں 95 ویں اکیڈمی ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب میں فلم ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ کے لیے بہترین اداکاری کا آسکر ایوارڈ تھاما تو اس کے ساتھ ہی یہ اعزاز بھی ان کے نام ہوگیا کہ وہ بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ جیتنے والی پہلی ایشیائی خاتون بن گئیں۔

مشیل یوہ نے اس سے قبل گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی ملائیشیا کی پہلی اداکارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ رواں سال کے آغاز میں انہیں بہترین اداکارہ کا گولڈن گلوب ایوارڈ بھی اسی فلم کے لیے دیا گیا تھا۔

مشیل یوہ نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا تھا کہ میں یہاں کھڑے ہو کر کچھ دیر اس منظر کو سمونا چاہتی ہوں کیونکہ یہاں پہنچنے میں 40 برس لگے۔

60 سالہ اداکارہ نے مزید کہا کہ "ہالی ووڈ ایک خواب تھا جب تک میں یہاں نہیں آئی،” انہوں نے مزید کہا کہ انہیں "اقلیتی” کہا جاتا ہے اور پوچھا کہ کیا وہ اپنے کیریئر کے شروع میں انگریزی بول سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ بہترین فلم کے اکیڈمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز جیتنے والی ’’ایوری تھنگ، ایوری ویئر آل ایٹ ونس‘‘ یہ فلم اب تک 178 بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ اس فلم میں مشیل نے ایویلین وینگ کا کردار ادا کیا ہے، جو ادھیڑ عمر چینی مہاجر ہے اور کائنات کے راز کھوجنے کا ایڈونچر کرتی ہے۔