مفتاح اسماعیل ن لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی

مفتاح اسماعیل

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل ن لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے مستعفی ہوگئے اور کہا انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ن لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفی دے دیا۔

مفتاح اسماعیل نے سیکریٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کے نام خط لکھا ، جس میں پارٹی اور حکومت میں ذمہ داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی قائدنوازشریف،صدرشہبازشریف نےانتہائی مہربان رویہ اورخیال رکھا، میں حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ ان کا شکر گزار رہوں گا۔

خط میں انھوں نے مزید کہا کہ سماجی طور پر منصفانہ اور معاشی طورپرمستحکم پاکستان دیکھنےکی خواہش کااظہارکرتاہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی اور تمام لیڈرز کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

گذشتہ روز سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ مجھ سے منسوب جھوٹا بیانیہ سوشل میڈیا پر زیرِگردش ہے میں سمجھتا ہوں حقائق مکمل طور پر واضح ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اوران کی جماعت9مئی واقعات کےذمہ دار ہیں پی ٹی آئی سوشل میڈیا کےجھوٹ پرعموماً جواب نہیں دیا کرتا اس بار حد ہوگئی تو مجھےحقیقت بتانا پڑ رہی ہے۔