مفتاح اسماعیل نے گیس کمپنیوں کی نجکاری کا مشورہ دے دیا

مفتاح اسماعیل

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو گیس کمپنیوں کی نجکاری کا مشورہ دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ گیس کمپنیوں کی نجکاری کردے اور ایل این جی سے متعلق پرائیویٹ شعبے کو ٹھیکے دے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے شعبے میں قیمتیں بڑھانے سے متعلق کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، گیس انڈسٹری اب سبسڈی دینے کی متحمل نہیں ہوسکتی، بجلی کے پاور پلانٹس سے متعلق بھی غلطیاں ہیں جنہیں درست کرنا ہوگا۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں ویسے ہی بہت بڑھ گئی ہیں مزید بڑھانے سے نقصان ہوگا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے منشور میں بہت کچھ لکھا ہوتا ہے جس پر عمل نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی نجکاری کے خلاف ہے تو ان سے بات ہوسکتی ہے، پی آئی اے ہر سال نقصان کررہی ہے پیپلزپارٹی شاید نجکاری پر مان جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت میں ن لیگ نے سیاسی فیصلے کیے، آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر کی جس کی وجہ سے انہیں ہی نقصان ہوا، مہنگائی بھی بڑھ گئی۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ اب مشکل فیصلے کرنے ہوں گے اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔