مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک غلط روش کی طرف جا رہا ہے اس وقت ضروری ہے کہ حکومت، اپوزیشن اور عدلیہ ملک کو بحران سے نکالنے کیلیے مل کر بیٹھیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک بحرانوں کا شکار ہے۔ اس وقت سیاسی بحران پر تو بات ہو رہی ہے لیکن مہنگائی جو عام آدمی کا مسئلہ ہے، اس پر کوئی بات نہیں کر رہا۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ انا کی جنگ نہ بنائیں اور آپس میں بیٹھ کر بات کرلیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے مل بیٹھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ججز کو بھی چاہیے کہ وہ بھی مل بیٹھ کر مسائل سلجھائیں۔