پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ایک انداز اپنانا ہوگا۔
بنگلادیش کے سیریز میں 2-1 سے شکست کے بعد ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت پاکستان ٹیم دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ایک انداز اپنانا ہوگا جو ٹیم کو تسلسل دے، آخری میچ میں ٹیم نے غلطیوں سے سیکھنے کا ہنر دکھایا۔
مائیک ہیسن نے لکھا کہ اسپیشلسٹ کوچز نے بنگلادیش اور این سی اے میں بولرز کی ڈیولپمنٹ میں اہم کردار ادا کیا، آخری 2 میچز میں فیلڈنگ میں شاندار بہتری آئی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے 6 میچز 2 مختلف نوعیت کی پچز پر ہوئے ہیں، نوجوان بیٹرز نے 200 سے زیادہ رنز بھی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ میرپورٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کم اسکور والا وینیو ہے، میرپور میں مشکلات کے بعدکم بیک کرتے ہوئے تجربےسے سیکھنے کی صلاحیت دکھائی، دوران میچز نئے کھلاڑی آگے آئے اور اچھی کارکردگی دکھائی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔