قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں شکست پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ 3 میچوں کی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آخری اوورز میں بہت زیادہ رنز دیئے، سیریز ہاری ہے لیکن کچھ مثبت چیزیں بھی حاصل کی ہیں۔
قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ ون ڈے ٹیم پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، ہماری اسپن بولنگ شاندار رہی ،حسن نواز سیریز میں بہت اچھا کھیلے۔
مزید پڑھیں : تیسرے ون ڈے میچ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرا کر سیریز جیت لی
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کالی آندھی نے اپنے نام کرلی۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے عبرتناک شکست دے کر 34 سال بعد پاکستان سے ایک روزہ سیریز جیت لی۔
ٹاروبا میں کھیلے گئے میچ میں پوری قومی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔صرف پاکستان ٹیم کے نائب کپتان سلمان آغا49 گیندوں پر 30 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔