مریم نواز کی آمد پر اسپتال کے دروازے کیوں بند کیے؟ ایم ایس سے جواب طلب

لاہور: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کی آمد پر اسپتال کے دروازے بند کرنے پر ایم ایس جناح اسپتال سے جواب طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دو دن قبل نواز شریف سے ملنے کے لیے ان کی صاحب زادی مریم جناح اسپتال آئیں تو دروازے بند کر دیے گئے جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیرِ صحت پنجاب یاسمین راشد نے اسپتال انتظامیہ سے سوال کیا کہ دروازے بند ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟

یاسمین راشد نے اسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی جناح اسپتال آمد پر اسپتال کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے لیے جناح اسپتال میں نواز شریف سمیت تمام مریض برابر ہیں، کسی بھی قسم کی موومنٹ کے دوران اسپتال کے دروازے بند نہیں ہوں گے، نہ یہ رویہ برداشت ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:  مریم نواز کی جناح اسپتال آمد، سر پرکیمرہ لگ گیا، راستے بند مریض پریشان

یاد رہے کہ دو دن قبل مریم نواز کی لاہور کے جناح اسپتال آمد تیمارداروں کے لیے زحمت بن گئی تھی، انھوں نے اسپتال میں والد کی عیادت کی، واپسی پر اسپتال کی راہ داریاں بند کرا دی گئی تھیں، جس کی وجہ سے مریض اور تیماردار رُل گئے تھے۔

مریم نواز اپنے والد سے ملنے کے بعد جب جناح اسپتال سے روانہ ہوئیں تو سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اس موقع پر اسپتال کے مختلف وارڈز کے راستے بند کردیے گئے۔