’ہتک عزت قانون صرف میڈیا نہیں تمام شہریوں پر لاگو ہوگا‘

وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہتک عزت قانون صرف میڈیا کے لیے نہیں ہے بلکہ یہ تمام شہریوں پر لاگو ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک دشمن قوتیں سرگرم عمل ہیں۔ ہتک عزت قانون صرف میڈیا کے لیے نہیں ہے بلکہ اس کا اطلاق ملک کے تمام شہریوں پر ہوگا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف پر چائنیز پراجیکٹ کے حوالے سے الزام لگایا تھا اور وزیراعظم نے ان کے خلاف ہتک عزت کا کیس کیا تھا جس میں بانی پی ٹی آئی اب تک اپنا الزام ثابت نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی  نے ملک دشمن بیانیہ بنا کر 9 مئی کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ 9 مئی کی طرح ملک مخالف مہم میں بھی آپ ناکام ہونگے اور پاکستان کی ترقی کیلیے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کام کرتی رہے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ نے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کو سیاسی کھیل کے لیے استعمال کیا، دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔ اقتدار کا نشہ ٹوٹا تو ملک ٹوٹنے کی باتیں شروع کردیں۔ پروپیگنڈا کرنیوالے اپنی سیاسی بقا کو پاکستان کی سالمیت سے ملاتے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ معیشت ٹیک آف کر رہی ہے اور بڑے جریدے بھی یہی بتا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی سرکاری پریس ایجنسی نے 10 ارب ڈالرمختص کرنے کی خبر جاری کی۔ سعودی عرب کے ساتھ بھی 5 ارب ڈالر انویسٹمنٹ کی بات چیت چل رہی ہے۔ چین کی سرمایہ کاری اور سیکیورٹی خدشات کو دور کرنا ہے۔ یہ معاہدے جلد حتمی شکل اختیار کرینگے اور پھر پاکستان میں انویسٹمنٹ آئے گی۔ آئی ایم ایف کے وفد نے مثبت پریس ریلیز جاری کی ہے۔ تجارتی خسارہ کم اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے جب کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے سرمایہ کاری کے حوالے سے 7 ڈیسک قائم ہوں گے اور یہ تمام ڈیسک ایس آئی ایف سی کے اندر قائم کیے گئے ہیں۔ ایس آئی ایف سی میں چین، یو اے ای، سعودی عرب، قطر، کویت، یورپی یونین اور امریکا ڈیسک قائم کی گئی ہے۔

ایس آئی ایف سی میں صنعت وتجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کام ہو رہا ہے۔ اس ڈیسک کی خصوصی توجہ پاکستان میں سرمایہ کاری لانے پر مرکوز ہوگی۔

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ شیخ مجیب کی تصویریں لگا کر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں۔ اقتدار سے دوری نے انہیں ملک توڑنے کی باتیں کرنے پر مجبور کر دیا ہے لیکن ہم خود کو مظلوم دکھانے والوں کو ملک کی بنیاد کھوکھلا کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

انہون نے کہا کہ آج کی صورتحال کو 1971 سے کون اور کس طرح ملا رہا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں۔ آپ سیاسی مفادات کی خاطر پاکستان کے مفاد کو داؤ پر لگاتے ہیں۔ دوست ممالک کے دیے تحائف بیچ کر منافع کھا گئے اور خود کو شیخ مجیب سے ملاتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں حق کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہے۔ ہم غزہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں اس مسئلے کا دیرپا امن کے لیے حل نکلے اور پاکستان کو سفارتی محاذ پر کامیابیاں بھی مل رہی ہیں۔