کراچی: وزارت ہوابازی کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک حملہ ہوا ہے، ویب سائٹ پرغیرملکی زبان میں پیغام آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ہوابازی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا گیا ہے۔ وفاقی ادارے کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک حملہ ہوا ہے جس کے بعد ویب سائٹ پرغیرملکی زبان میں پیغام آرہا ہے۔
وزارت ہوابازی کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئی ٹی کے ماہرین نے ویب سائٹ کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی وفاقی اداروں کی ویب سائٹ کو ہیکرز کی جانب سے نشانہ بناتے ہوئے ہیک کیا جا چکا ہے۔
کچھ سالوں قبل بھارتی ہیکرز کی جانب سے وزارت دفاع، کابینہ ڈویژن، وزارت اطلاعات اور وزارت مواصلات سمیت متعدد وزارتوں کی ویب سائٹس کو ہیک کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔