میرپور ٹیسٹ میں بولرز کا راج، پہلے دن 15 وکٹیں گر گئیں

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن بولرز کا راج رہا۔ مجموعی طور پر 15 وکٹیں گرگئیں۔

تفصیلات کے مطابق میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم میر پور ٹیسٹ میں پہلے کھیلتے ہوئے 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ کیویز کا حال بنگال ٹائیگرز سے بھی برا رہا اور محض 55 پر ہی اس کی 5 وکٹیں گرچکی ہیں۔

اسپنرز کے لیے سازگار میرپور کی پچ پر بنگلہ دیش کی ٹیم آخری سیشن میں پویلین لوٹ گئی۔ مشفیق الرحیم 35، شہادت حسین 31، مہدی حسن 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے 3،3 بنگلہ بیٹرز کو چلتا کیا۔ اسپنرز اعجاز پٹیل 2 جبکہ ٹم ساؤتھی ایک وکٹ اپنے نام کرنے پر کامیاب رہے۔

کیوی ٹیم میزبان سائیڈ کو جلد آؤٹ کرنے کے باوجود میچ میں اپنی گرفت برقرار نہیں رکھ پائی۔ پہلے دن کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے محض 55 رنز اسکور کیے تھے جبکہ اس کے ٹاپ 5 بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

کین ولیمسن 13، ڈیون کانوے 11 اور ٹام لیتھم 4 رنز بناپائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 3 اور تیج الاسلام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مہمان سائیڈ کو بنگلادیش کا خسارہ ختم کرنے کےلیے اب بھی 117 رنز درکار ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 12 اور گلین فلپس 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔