شارجہ : پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح نےعمران خان کے اڑتالیس ٹیسٹ میچز کا ریکارڈ توڑ دیا، اور زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے پہلے کپتان بن گئے، قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق انچاسویں ٹیسٹ میں کپتان کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق نے عمران خان کے اڑتالیس ٹیسٹ میں کپتانی کا ریکارڈ توڑ دیا، مصباح پاکستان کی جانب سے انچاسویں ٹیسٹ میں کپتانی کررہے ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ عمران خان کے پاس تھا۔
عمران خان نے نے 1982 سے 1992 کے دوران اڑتالیس ٹیسٹ میچز میں ٹیم پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالی، سابق کپتان عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 48 میں سے 14 میچز میں کامیابی حاصل کی، 8 میں شکست ہوئی جبکہ 26 میچز ڈرا ہوئے۔
دوہزار دس میں مصباح کو کپتانی دی گئی، چھ سال میں مصباح اڑتالیس ٹیسٹ میں کپتانی کرچکے ہیں، مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 24 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ 13 میچز میں شکست ہوئی اور 11 میچز ڈرا ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر مصباح ایشیا کے کامیاب ترین کپتان کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں، مصباح کی کپتانی میں پاکستان ورلڈ نمبر ون بنا اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میس بھی حاصل کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا نام لارڈز کے آنر بورڈ پر درج کردیا گیا، یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کھلاڑیوں کی موجودگی میں ان کے نام بورڈ پردرج کیے گئے۔
مزید پڑھیں: مصباح الحق کا نام لارڈز آنر بورڈ پر درج کردیا گیا
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز بطور کپتان کھیلنے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ کے پاس ہے، جنہوں نے 2003 سے 2014 کے دوران 109 میچز میں قیادت کی۔