اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر مظالم کے تمام حربے آزمانے کے باوجود بھارت ناکام ہے۔
تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کشمیر یکجہتی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال ابتر ہوتی جارہی ہے، کرفیو کے باعث کشمیر میں لوگ بھوکے مررہے ہیں۔
مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بازار بند، لوگ گھروں میں محصور ہیں، کشمیر میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی تعینات ہے، بھارت نے کرفیو سے کشمیریوں کا عزم توڑنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک، سید علی گیلانی جیسے لیڈر رکھنے والی کشمیری قوم خوش قسمت ہے، قید وبند کاٹنے کے باوجود حریت قائدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے، پاکستانی قوم کو موجودہ حالات میں کشمیریوں کا حوصلہ بڑھانا ہوگا۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 53 واں روز
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا، کشمیری دنیا کی بہادر ترین قوم ہے، دنیا کی کوئی طاقت آج تک کشمیریوں کو ڈرا نہیں سکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں، دنیا کو کشمیریوں کا فیصلہ تسلیم کرنا پڑے گا، بھارت یاسین ملک کو کشمیریوں سے جوڑنے کی سزا دے رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ بھارت آئندہ ماہ کشمیری قیادت کے خلاف ٹرائل کرنے جارہا ہے، اقوام متحدہ و عالمی برادری کو کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہئے۔