آسٹریلیا کی ٹی 20 ٹیم کے کپتان مچل مارش نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی کا نام بتا دیا۔
کپتان مچل مارش نے تصدیق کی کہ وہ اور ٹریوس ہیڈ ورلڈ کپ میں اوپننگ کریں گے، ہمارا کمبی نیشن اچھا بنا ہوا ہے اور ہم دونوں ہی اننگز کی شروعات کریں گے۔
گزشتہ ماہ آسٹریلیا نے ٹی 20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 5-0 سے وائٹ واش کیا اور اب کینگروز اور جنوبی افریقا کے درمیان 10 اگست سے تین میچوں کی سیریز شروع ہوگی۔
مارش نے کہا کہ میں اور ٹریوس ہیڈ مستقبل قریب میں اوپننگ کریں گے۔
مچل مارش نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں ٹیم کی قیادت کی تھی جہاں ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں باہر ہوگئی، انہوں نے میگا ایونٹ کے سات میچوں میں 125 رنز بنائے تھے۔
انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں اوپننگ کی ذمہ داری نبھائی اور 81 رنز بنائے لیکن وہ اپنی بیٹنگ پوزیشن سے پراعتماد ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ڈیوڈ وارنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے آسٹریلیا نے میٹ شارٹ، گلین میکسویل، اور جیک فریزر میک گرک سمیت کئی اوپنرز کے ساتھ تجربہ کیا ہے۔