مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ کے سنسنی خیز سیمی فائنل کا مرحلہ مکمل ہو گیا خاتون سمیت چار پاکستانی فائٹرز نے فائنل میں جگہ بنا لی۔
اے ار وائی نیوز کے مطابق لاہور میں جاری مسکڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ کے سنسنی خیز سیمی فائنل کا مرحلہ مکمل ہو گیا جس میں خاتون فائٹر سمیت چار پاکستانیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔
پاکستانی فائٹر بانو بٹ نے ویمنز ایٹم ویٹ کی 47.6 کلو گرام کٹیگری کے تیسرے راؤنڈ میں بھارت کی خوشبو نشاد کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
سینئرمینزلائٹ ویٹ کی 70.3 کلوگرام کٹیگری میں پاکستانی فائٹر شہاب علی نے لبنائی فائٹر فادی جابر کو پہلے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کیا۔
بینٹم ویٹ 61.2 کلو گرام کٹیگری میں پاکستانی فائٹر ذیشان اکبر نے میدان مارا اور کرغزستان کے کتبردی توردو کو پہلے راؤنڈ میں ہی چت کر کے فائنل کا ٹکٹ کٹوایا۔
فلائی ویٹ 56.7 کلو گرام جونئیر کیٹیگری میں پاکستانی فائٹر نے بحرین کے عبداللہ اسماعیل کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے مقابلہ جیتا۔
سیمی فائنلز مقابلوں میں مجموعی طور پر 10 پاکستانی فائٹرز نے حصہ لیا، جس میں سے 6 فائٹرز ناکام رہے۔ فائنل میں پہنچنے والے دیگر فائٹرز میں لبنان کے نور الفلیتی اور محمد فخر دین، قازقستان کے عمانزول اتییوو، بحرین کے علی مرہون اور تاجکستان کے سائے علی شامل ہیں۔
مسکڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ کے تمام مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔