لاہور میں کھیلے گئے مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ میں پاکستان کی دو خواتین فائٹرز نے تاریخ رقم کرتے ہوئے گولڈ میڈلز جیت کر مردوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں کھیلی گئی مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ ختم ہوگئی۔ تاجکستان اور قازقستان نے سات، سات جبکہ پاکستان نے دو گولڈ میڈلز جیت لیے۔
ڈی ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں کھیلی گئی چار روزہ مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کی ایمان خان اور بانو بٹ نے قازقستان کی حریفوں کو ہرا کر سونے کے تمغے اپنے نام کیے۔
ویمنز فائنل مقابلے میں پاکستانی فائٹر بانو بٹ نے 47.6 کلو گرام کیٹیگری میں قازقستان کی فائٹر گلناز کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی خاتون فائٹر کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستان کو دوسرا گولڈ میڈل ایمان خان نے دلایا جنہوں نے سینئر فلائی ویٹ کٹیگری میں قازقستان کی حریف کو چوک کر کے ناک آؤٹ کیا۔
پاکستان کے حصے میں چار سلور میڈلز بھی آئے۔ ویمنز کے ایک اور فائنل مقابلے میں بشریٰ احمد کو شکست ہوئی اور ان کے حصے میں سلور میڈل آیا جب کہ مردوں کے مقابلوں میں ذیشان اکبر اور عبدالمنان بھی فائنل میچز ہار کر سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔
بحرین کی ٹیم نے تین گولڈ میڈل جیتے جب کہ کرغزستان کے گولڈ میڈلز کی تعداد 2 رہی۔