راولپنڈی :اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی کیلئے مشق اور سرچ آپریشن کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی کے حوالے سے موک ایکسرسائزاور سرچ آپریشنز کیے گئے ، جس کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں اداروں کے فوری رسپانس کاجائزہ لینا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سینئر افسران کی نگرانی میں جیل کے اطراف سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
موک ایکسرسائز میں راولپنڈی پولیس، ایلیٹ فورس،1122،بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
موک ایکسرسائز میں آپریشن صورتحال میں مشترکہ آپریشنل کی فرضی مشقیں کی گئیں جبکہ جیل کے اطراف اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری پنجاب پولیس کے بنیادی اصولوں میں سےایک ہے۔