لاہور : سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم کی تضحیک کرنے پر ٹک ٹاکر کاشف ضمیر سمیت پولیس اہلکار کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم کی تضحیک کرنے کے معاملے پولیس نے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر سمیت پولیس اہلکار کے خلاف مقدمات درج کرلئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمات میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے سوشل میڈیا پر پولیس وردی کا تمسخر اڑایا، کاشف ضمیر نے شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھری تھال تھمائی۔
مقدمے میں کہا گیا کہ ٹک ٹاکر کاشف ضمیر پولیس اہلکار کے ہاتھ میں پکڑی تھال سے نوٹ نچھاور کرتا رہا، ملزم کے اس فعل سے محکمہ پولیس کی عزت اور وقار مجروح ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے کارروائی سے بچنے کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے دوسری ویڈیو بنائی، جعلی ویڈیو میں اے آئی کے ذریعے پولیس اہلکار کے کپڑوں کا رنگ تبدیل کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا بدنامی کا باعث بننے والے پولیس اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا، ملزم کاشف ضمیر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔