ماڈل کی خودکشی کے معاملے پر بھارتی کرکٹر تفتیش کیلئے طلب

گجرات: بھارتی پولیس نے آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر ابھیشیک شرما کو ماڈل تانیا سنگھ کی خودکشی کے کیس میں تفتیش کے لیے طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ہفتے 28 سالہ ماڈل تانیا سنگھ ریاست گجرات کے شہر سورت میں واقع اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائی گئیں تھی جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں ماڈل تانیا سنگھ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کرکٹر ابھیشیک شرما کے درمیان دوستی کا انکشاف کیا ہے جس کے بعد انہیں طلب کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں ماڈل کی واٹس ایپ چیٹس موصول ہوئی ہیں جن سے معلوم ہوا ہے کہ تانیا سنگھ اور آل راؤنڈر ابھیشیک شرما کے درمیان دوستی تھی، کرکٹر ابھیشیک شرما نے تانیا سنگھ کا فون نمبر بلاک کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق جب ماڈل نے اُن سے سوشل میڈیا پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کرکٹر نے ماڈل کے کسی بھی میسج کا جواب نہیں دیا، پولیس نے کہا کہ اس واقعے کی مزید تفصیلات کرکٹر سے تفتیش کے دوران ہی معلوم ہوں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں شک ہے کہ ماڈل کی خودکشی کی وجہ ابھیشیک شرما ہیں اس لیے ہم نے ابھیشیک شرما کو نوٹس بھیجا ہے تاکہ حقیقت جان سکیں ۔

واضح رہے کہ 28 سالہ تانیا سنگھ بھارتی فیشن ڈیزائنر اور ماڈل تھیں، وہ سورت میں واقع اپنی رہائش گاہ پر اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھیں، 19 فروری کی صبح ماڈل کی پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش ملی تھی۔