مودی کے بھارتی عوام سے عجیب وغریب مطالبات

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ملک کے عوام سے عجیب وغریب مطالبات کر کے انہیں حیران وپریشان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے گزشتہ روز گجرات کے امریلی شہر میں کھودلدھام ٹرسٹ کینسر اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے ویڈیو لنک خطاب کیا جہاں موقع کے برخلاف بھارتی عوام کو انڈیا میں شادی کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ اس سے دولت ملک کے اندر ہی رہے گی۔

بھارتی وزیراعظم نے لیووا پاٹیدار برادری کے اراکین کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آپ کوشش کریں کہ یہ بیماری آپ کی کمیونٹی میں نہ آئے۔ میں اس کے لیے صرف یہ کہوں گا کہ جیسے میڈ ان انڈیا ویسے ہی شادی ان انڈیا ہونی چاہیے۔

اس موقع پر نریندر مودی نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے عوام سے صرف اپنا ملک گھومنے پھرنے کی بھی فرمائش کر ڈالی اور کہا کہ اگر آپ تفریح کرنا اور سفر  کرنا چاہتے ہیں ملک کے اندر ہی گھومیں اور سفر کریں۔

اپنی تقریر  کے دوران بھارتی وزیرعظم نے یہ بھی کہا کہ کینسر جیسی سنگین بیماری کا علاج کسی بھی فرد یا خاندان کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ لوگوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مودی کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے لیے طبی دیکھ بھال فراہم کرنے اور سستی قیمت پر ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تقریباً 30 نئے ہسپتال قائم کیے گئے جب کہ بیماری کی ابتدائی تشخیص میں مدد کے لیے گاؤں کی سطح پر 15 لاکھ سے زیاد ’آیوشمان آروگیہ مندر‘ (صحت مراکز) بھی بنائے گئے ہیں۔