سوریا کمار سے موازنہ کرنے پر محمدحارث نے کیا کہا؟

قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی محمد حارث کا بھارتی بلے باز سوریا کماریادو سے موازنے پر ردعمل آگیا۔

محمد حارث اس وقت سری لنکا میں ہونے والے اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کر رہے ہیں وہ اب تک اپنے دونوں میچ جیت چکے ہیں، اور ان کا اگلا میچ بھارت کے خلاف ہے۔

حارث کا کبھی کبھی ہندوستانی بلے باز سوریہ کمار یادو سے ان کے قدرے غیر روایتی شاٹ سلیکشن پر موازنہ کیا جاتا ہے تاہم حارث 360 ڈگری کرکٹر کے طور پر اپنا نام بنانا چاہتے ہیں۔

یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ ہم دونوں کے درمیان ابھی موازنہ نہیں کرنا چاہئے، سوریا کی عمر 32-33 سال ہے اور میں ابھی بھی 22 سال کا لڑکا ہوں اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے مجھے ابھی بہت کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوریا کا اپنا لیول ہے، ڈی ویلیئرز کا اپنا لیول ہے اور میرا اپنا لیول ہے میں ایک 360 ڈگری کرکٹر کے طور پر اپنا نام بنانا چاہتا ہوں۔