محمد حارث بی پی ایل میں کھیلے بغیر ڈھاکا سے واپسی کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انہیں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے سے انکار کے بعد محمد حارث بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں شرکت کیے بغیر ڈھاکا سے واپس آنے والے ہیں۔
حارث بی پی ایل کے دسویں ایڈیشن میں چٹوگرام چیلنجرز کی نمائندگی کرنے کے ارادے سے ڈھاکا پہنچے تھے تاہم پی سی بی نے جولائی 2023 سے ان کی دو لیگز میں شرکت کی وجہ بتاتے ہوئے این او سی کے لیے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
اسی طرح صائم ایوب، زمان خان، فخر زمان اور افتخار احمد کے بھی این او سی روک لیے گئے جس سے ان کی بی پی ایل میں شرکت روک دی گئی۔ فخر کو فارچیون باریشال، افتخار اور زمان کو کومیلا وکٹورینز نے اور صائم ایوب کو دردنتو ڈھاکہ نے سائن کیا تھا۔
دریں اثناء بابر اعظم، محمد وسیم جونیئر، محمد رضوان اور عباس آفریدی کل کرائسٹ چرچ سے ڈھاکہ کا سفر شروع کریں گے۔