ویڈیو: رضوان نے سریش رائنا کو دھونی کی یاد دلا دی

رضوان دھونی

سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کو محمد رضوان نے سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کی یاد دلادی۔

سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کپتان محمد رضوان اور بھارت کے ایم ایس دھونی کی کپتانی میں دلچسپ مماثلت ہے۔

وکٹ کیپنگ بیٹر کو چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں فیلڈنگ پوزیشنز کو تبدیل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ایک موقع محمد رضوان فیلڈر سے کہہ رہے ہیں کہ ’میری جان کھڑے رہتے ہو سارے، ایسے تو سنگل کور نہیں ہوں گے۔‘

محمد رضوان کی اس گفتگو نے سریش رائنا کو ایم ایس دھونی کی یاد دلائی جو فیلڈرز کو متحرک رکھتے تھے۔

سریش رائنا نے کہا کہ رشبھ پنت اور محمد رضوان دونوں اس طرح سے بات کرتے ہیں جو بہت ضروری ہوتا ہے مجھے یاد ہے کہ ماہی بھائی (دھونی) ایسے فیلڈر کو کور، پوائنٹس اور سلپس کے فیلڈرز کو جگاتے رہتے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بلاک بسٹر ٹاکرے میں 23 فروری کو دبئی میں آمنے سامنے ہونے والے ہیں۔

اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیمیں 2017 ایڈیشن کے فائنل میں ٹکرائی تھیں۔

پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میچ میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کا آغاز مایوس کن تھا کیونکہ محمد رضوان الیون کو کراچی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔