پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف کو افغانستان کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا عبوری کوچ نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق پی سی بی کی مکی آرتھر سے ہیڈ کوچ کے کردار کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور معاہدہ طے ہونا باقی ہے۔ اس لیے یوسف کو عارضی عہدہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
محمد یوسف کے ساتھ مقامی سپورٹ اسٹاف کا نام بھی لیا جا سکتا ہے۔
یوسف اس سے قبل قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے جب کہ ثقلین پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا کی انتظامیہ میں ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
گزشتہ ماہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ آرتھر سے بات چیت تقریباً اسی فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ جلد ہی اعلان متوقع ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں ماہ کی 25،27 اور29 تاریخ کو کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کا اعلان افغان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا، شیڈول کے مطابق سیریز کے تینوں میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور سیریز کی آمدنی دونوں ملکوں میں برابر تقسیم ہوگی۔