’پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا‘

محمد زبیر

کراچی: سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا بات چیت چل رہی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے سوال کیا کہ کیا پاکستان ایک نئی شروعات کرسکتا ہے، کیا پی ٹی آئی کل کو اقتدار میں آتی ہے تو اداروں کو مضبوط کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی اقتدار میں آکر الیکشن کمیشن، عدلیہ اور اداروں کو مضبوط کرے گی۔

محمد زبیر نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت مشکل میں ہے کیونکہ ان کے بانی جیل میں ہیں۔

جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا محمد زبیر کی پی ٹی آئی میں شمولیت تب ہوگی جب بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں گے؟ جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے انتظار ہی کرنا چاہیے۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی پر جو غلط کیسز ہیں ان کا خاتمہ ہونا چاہیے، 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، پراسیکیوشن کو کیسز دیکھنا چاہیے، ان واقعات کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے الیکشن پر پی ٹی آئی کے ساتھ آزاد مبصرین نے بھی اعتراض اٹھایا، پی ٹی آئی کہتی ہے کہ ن لیگ کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں ہے تو بات کیسے کریں، ن لیگ بھی نہیں چاہتی پی ٹی آئی کو اسپیس ملے کیونکہ ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سیاسی استحکام اس وقت آتا ہے جب عوام کی طاقت آپ کے ساتھ ہو، مینڈیٹ کے بغیر ہی حکومت بنانی ہے تو پھر پارلیمنٹ کی ضرورت کیا ہے۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام کا مفاد مدنظر رکھنا ہے تو مسلم لیگ ن کو قربانی دینی چاہیے، ن لیگ کو چاہیے کہ الیکشن کمیشن ریفارم کرے اور نئے الیکشن کی طرف جائے، میرے خیال سے ن لیگ ایسا فیصلہ کرے گی تو پی ٹی آئی کو بھی قبول ہوگا۔