چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جب بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی، بھارت سے بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا، اب ان کی ٹیم سیاست سے نکلی ہے امید ہے بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کس کو شامل کرنا ہے کس کو نہیں یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، ہماری ٹیم ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم پر تنقید کم کردیں ایک میچ ہوتا نہیں اور رگڑا لگادیتے ہیں، ٹیم نے محنت کرنی ہے ہم سب نے ان کے پیچھے کھڑے ہونا ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں کرکٹ کا معیار بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول اقدامات اور ڈومیسٹک کرکٹ، نوجوان ٹیلنٹ لانے پر بریفنگ دی گئی۔
پی سی بی کے اپ ڈیٹڈ فنانشل رولز کی منظوری اور رواں مالی سال کے آڈیٹرز کے تقرر کی بھی منظوری دی گئی۔