بی سی سی آئی کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ کے رواں سال دسمبر میں آئی سی سی کے چیئرمین بننے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کی۔ اس موقع پر ان سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ کے دو ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سربراہ بننے سے متعلق سوال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ انہیں جے شاہ کے چیئرمین آئی سی سی بننے پر کوئی پریشانی نہیں۔ ان سے کئی میٹنگز میں ملاقات ہو چکی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا چیمپئینز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، تمام منصوبہ بندی کر لی ہے اور اور سب ٹیمیں آئیں گی۔ اس حوالے سے تمام بورڈز سے رابطے میں ہیں اور جے شاہ سے بھی رابطہ رہتا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کپتانوں کے حوالے سے فیصلہ کوچ اور سلیکٹرز کریں گے، میں نے ان پر معاملات چھوڑے ہوئے ہیں، 22 ستمبر کو ایک ورکشاپ میں سب کو بلایا ہے تمام لوگ اپنے مشورے دیں گے اس کے بعد فیصلے ہوں گے۔
واضح رہے کہ جے شاہ آئی سی سی کے بلامقابلہ نئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں اور وہ رواں سال دسمبر میں یہ نئی ذمے داری سنبھالیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی رواں سال دسمبر میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بن جائیں گے جو جے شاہ کے جگہ لیں گے۔