محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات

تہران : وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے، صدر نے جنگ میں ایران کی حمایت پر پاکستان کا شکر ادا کیا۔

ایران کی مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں وزیرداخلہ محسن نقوی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات میں محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیرداخلہ نے ایرانی عوام کو صیہونی جارحیت کیخلاف تاریخی فتح پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اس موقع پر صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو موجودہ حالات میں ناگزیر قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم اقوام ایک متحد قوت بن کر صہیونیت کی مجرمانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی ہو سکتی ہیں۔

صدر ایران نے ایران و پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی وفود کے تبادلے اور تعمیری مشاورت کے تسلسل سے دو طرفہ تعلقات کو ہمہ جہتی تعاون کی جانب مزید گہرائی دی جا سکتی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو منفرد اور ترقی پذیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سفراء، دو طرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔