وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن نقوی کو عنقریب ایک اور بڑا عہدہ مل جائے گا۔
سید محسن نقوی جن کا سیاسی سفر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے شروع ہوا جس کے بعد اب وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہونے کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر داخلہ کا منصب بھی رکھتے ہیں جلد ہی انہیں ایک اور نیا بڑا عہدہ مل جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو اگلا عہدہ ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا ملے گا جو بھارت کے جے شاہ کی چار سالہ صدارت کی مدت مکمل ہونے کے بعد روٹیشن پالیسی کے تحت نئے صدر ہوں گے۔
جے شاہ کو ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت میں ایک سال کی توسیع ملی تھی جو دسمبر 2024 میں ختم ہو جائے گی۔ ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت روٹیشن پالیسی کے تحت ممبر ممالک کو دی جاتی ہے اور رواں سال اکتوبر یا نومبر میں ہونے والے اجلاس میں محسن نقوی کے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کی تقرری کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب بھارت سے تعلق رکھنے والے جے شاہ جو اے سی سی کی صدارت کے دوران اپنے ملک بھارت کے مفاد میں فیصلے کرتے رہے اور جاتے جاتے بھارت کو ایشیا کپ کی میزبانی بھی دلا گئے۔
سال 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل بھارت میں اگلے سال 2025 میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کا فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی رکھا گیا ہے جب کہ 2027 میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کا فارمیٹ اسی سال جنوبی افریقہ میں ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے پیش نظر ایک روزہ میچز پر رکھا گیا ہے۔
گزشتہ سال ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس تھی جو کہ بھارت کے پاکستان میں آنے سے انکار کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیلا گیا تھا۔
اب دیکھنا ہوگا کہ محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد اے سی سی کے فیصلوں کا جائزہ لے سکتے ہیں یا نہیں؟
https://urdu.arynews.tv/spectators-refusal-to-return-the-ball-across-the-boundary-on-the-batsmans-six/