کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کےگھر کی ملازمہ قیمتی سامان لے اڑی جسے پولیس نے حراست میں لے کر مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ معین خان کے گھر پر چوری کی واردات پیش آئی جس پر انہوں نے پولیس کو شکایت درج کرائی۔
پولیس نے تحقیقات کے لیے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی تو اُس نے چوری کا اعتراف کیا اور بتایا کہ گھر والوں کی غیر موجودگی میں اُس نے ہاتھ صاف کیا۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد سے کپتانی واپس لینے کا معاملہ، معین خان نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا
پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ زیور اور دیگر قیمتی سامان لے کر گئی تھی البتہ جب اُسے گرفتار کیا تو اُس نے چوری شدہ مال کے بارے میں حکام کو آگاہ کرنا شروع کردیا۔
حراست میں لی جانے والی ملازمہ سے مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا جبکہ پولیس کو امکان ہے کہ بقیہ سامان بھی جلد برآمد کرلیا جائے گا۔ چوری کے واقعے کا مقدمہ سابق کپتان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔