اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چار روز میں جمہوریت کی آڑ میں پاکستان مخالف زبان استعمال کی گئی، بھارت یہی چاہتا ہے پاکستان کے اداروں پر تنقید ہو۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کا اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ مولانا جارہے ہیں اسلام آباد پرسکون ہوگا، حکومت انشااللہ 5سال پورے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر استعمال ہونے والی زبان کسی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، بھارت چاہتا ہے ریاستی ادارے کمزور اور مسئلہ کشمیر پس پشت چلا جائے۔
وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ خوشی ہے عمران خان کی حکومت نے دانشمندی سے مسئلے کو ہینڈل کیا، مولانا جارہے ہیں، ایک دو روز میں مسئلے حل ہوجائیں گے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاسی طریقے سے باتیں منواتی ہیں، محمود اچکزئی جیسے لوگوں کو ساتھ رکھ کر انتشار پھیلایا گیا۔
مفاہمت کے راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، پرویز الٰہی، اکرم درانی
خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اسلام آباد میں مارچ جاری ہے، البتہ کئی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مارچ جلد ختم ہوجائے گا۔
دوسری جانب گذشتہ روز جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم ہو سکتا ہے لیکن ٹائم فریم نہیں دے سکتا، مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈی چوک پر جا کر تصادم نہیں چاہتے، تمام فیصلے اپوزیشن کی مشاورت سے کر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں مریم نواز کنٹینر پر آ کر عوام سے خطاب کریں تاہم اب تک ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔