ماں اور 2 سالہ بچہ پُراسرار طور پر لاپتا، پولیس بھی چکرا گئی

ماں اور 2 سالہ بچہ پُراسرار طور پر لاپتا، پولیس بھی چکرا گئی

امریکا کی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک ماں اپنے دو سالہ بچے سمیت پُراسرار طور پر لاپتا ہوگئی جن کی تلاش کیلیے پولیس سرگرم ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 20 سالہ صوفیہ جون میں لاپتا ہوئی تھی جس کا اب تک کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اس کے بیٹے کا نام میٹیو ہے جس کی عمر 2 سال ہے۔ پولیس کے مطابق گھر کے قریب سے صوفیہ کی گاڑی برآمد ہوئی ہے لیکن ماں اور بیٹے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔

صوفیہ کی والدہ تھریسامے نے پولیس کو بتایا کہ مجھے نہیں معلوم صوفیہ کے ساتھ کیا ہوا ہوگا، میں اس سے اور میٹیو سے بے حد محبت کرتی ہوں، میں چاہتی ہوں دونوں جلدی سے گھر آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹیو تھوڑا شرارتی ہے اور باہر گھومنا پھرنا پسند کرتا ہے، صوفیہ 21 اکتوبر کو 21 سال کی ہو جائے گی، وہ کافی سمجھدار ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ میٹیو کو کچھ بھی نہیں ہونے دے گی، مجھے لگتا ہے وہ اپنے بوائے فرینڈ سے کافی خوفزد ہے جس کی وجہ سے وہ گھر جانا چاہتی تھی۔

’صوفیہ اور اس کے بوائے فرینڈ کے درمیان کچھ مسائل تھے۔ ان کے درمیان کچھ نہ کچھ ضرور ہوا ہوگا جس سے وہ خوفزدہ ہے۔ میں نے صوفیہ سے کہا تھا کہ اگر وہ گھر آنا چاہتی ہے تو آ جائے۔‘

تھریسامے کا کہنا ہے کہ صوفیہ سے میری آخر ملاقات 24 جون کی شام ہوئی تھی۔

ان کے ایک پڑوسی نے پولیس کو بتایا کہ ہم نے صوفیہ کی گاڑی میں دو افراد اور ایک بچے کو دیکھا تھا لیکن وہ بچہ میٹیو نہیں بلکہ کوئی اور تھا۔ پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کر شواہد تلاش کرنا شروع کر دیے۔

پولیس نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ صوفیہ اور میٹیو کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات سے آگاہ ہیں تو ہمیں بتائیں۔